(عمران یونس) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سیمپلنگ مہم کے تحت تمام برانڈز کے سیریل دلیہ پروڈکٹس کا لیبارٹری تجزیہ مکمل کرلیا، 87 برانڈز کے نمونے کا لیبارٹری تجزیئے میں سیفٹی پر ایک، کوالٹی پیرا میٹر پر 7 برانڈز فیل قرار پائے۔
رپورٹ کے مطابق فیل ہونیوالے تمام برانڈز کی پروڈکشن اصلاح ہونے تک بند کر دی گئی، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق پیک شدہ سیریل میں نمی اور فنگس کی موجودگی پر سیمپلز فیل قرار پائیں، غیر معیاری پیکنگ، غلط اور نامکمل لیبلنگ پر سیمپلز کو فیل کیا گیا۔
نیشنل فوڈز لمیٹڈ، لوٹی کولسن لمیٹڈ، سیزن فوڈز اور ڈان فروزن فوڈز لمیٹڈ کے مختلف سیریل پراڈکٹس فیل ہونے پر پروڈکشن بند کی گئی، تصحیح کرنیوالے برانڈز کے دوبارہ نمونے لے کر تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے جائیں گے۔
کیپٹن (ر)محمد عثمان کے مطابق پاس اور فیل ہونیوالے برانڈز کی مکمل فہرست پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہے۔