رائیونڈ اجتماع کا پہلا مرحلہ ختم، آزادیِ کشمیر کیلئے خصوصی دعائیں

3 Nov, 2019 | 12:34 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ بھارتی عالم دین مولانا ابراہیم کی دعا کیساتھ اختتام پذیر ہو گیا،اختتامی دعا میں لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔

تین روزہ رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع 31 اکتوبر کو   بعد از نماز عصر شروع ہوا، جس میں لاہور، پشاور ملتان اور کوئٹہ ڈویژن سے لاکھوں کی تعداد میں فرزندان اسلام نے شرکت کی،پہلے مرحلے میں مختلف ممالک کے معروف علمائے کرام نے خطبات دیئے۔

علمائے دین کا کہنا تھا کہ ہر کلمہ گو کے دل میں تڑپ پیدا کرکے کلمہ حق کی دعوت کو ہربنی نوع انسان تک پہنچانا اب ہمارے ذمے ہے،نبی آخرالزمان کے بعد کسی نبی نے نہیں آنا، اس اہم کام کی ذمہ داری پوری کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے، جہنم سے نجات اور جنت کی کنجی حاصل کرنے کا واحد راستہ تبلیغ ہے، دعوت تبلیغ کے کام کے لئے دنیا کے ہر کونے کونے میں پھیل کر دعوت و تبلیغ کی محنت کرنا ہوگی۔

عالم دین مولانا ابراہیم نے آج نماز فجر کے بعد اختتامی دعا  کروائی جس میں  ملک و قوم کی سلامتی، کشمیر کی آزادی اور اُمت مسلمہ کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں،  دعا کے دوران ہر آنکھ اشکبار تھی۔

ذرائع کے مطابق عالمی تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا، ان کے انخلا کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے، بھوبتیاں چوک سے ٹھوکر نیاز بیگ جانے والی سڑک سست روی کا شکار ہے، شرکاء کی گاڑیوں کے باعث موٹروے پر 30 سے 40 فیصد زیادہ ٹریفک ہے۔

سی ٹی او لیاقت ملک کا کہنا ہے کہ رائیونڈ سٹی آنیوالے تمام راستے ٹریفک کیلئے بند ہیں، پاجیاں موڑ سے قزلباش چوک موٹروے تک ٹریفک کو ون وے چلایا جا رہا ہے، سندر روڈ پر رائیونڈ روڈ تا سندر اڈا ملتان روڈ ،بھوبتیاں چوک تا موہلنوال،  کوٹ رادھا کشن روڈ پر گاڑیوں کو  یکطرفہ چلایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ 7 نومبر جمعرات کو شروع ہو گا جو  10 نومبر اتوار تک جاری رہے گا۔ 

مزیدخبریں