ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عدت میں نکاح، بشریٰ بی بی کے حق میں بیٹیوں نے گواہی دیدی

عدت میں نکاح، بشریٰ بی بی کے حق میں بیٹیوں نے گواہی دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : بشریٰ بی بی اور عمران خان کے عدت میں نکاح والے معاملے میں نیا موڑ آ گیا، بشریٰ بی بی کی بیٹیوں نے والدہ کے حق میں ویڈیو بیانات جاری کر دیئے۔

 بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا کی بیٹیوں نے اپنی والدہ پر لگنے والے الزامات اور سوشل میڈیا پر چلنے والے بیانات سے متعلق ویڈیو بیانات جاری کر دیئے، اپنے جاری کردہ بیانات میں بشریٰ بی بی کی بیٹیوں نے قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلف لیا کہ وہ جو بھی کہیں گی سچ کہیں گی، انہوں نے ویڈیو بیانات میں کہا کہ ہماری والدہ پر جو بھی الزامات لگائے جا رہے ہیں کہ وہ عملیات کرتی ہیں، جادو گرنی ہیں اور عملیات کے باعث انہوں نے خاور مانیکا کو قابو کیا ہوا تھا اس لئے وہ پہلے نہیں بولے تھے، یہ ساری کی ساری باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں، ہماری والدہ نیک اور باپردہ خاتون ہیں، انہوں نے ساری زندگی اپنے خاندان اور اپنے گھر میں گزاری ان کی کوئی سوشل لائف نہیں تھی، وہ ہر وقت اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا ذکر کیا کرتیں تھیں، ان کو دین اسلام سے متعلق کوئی بھی کتاب ملتی تھی تو وہ بڑھ لیا کرتی تھیں، ان سے کوئی بھی کسی شرعی مسئلے سے متعلق پوچھتا تو وہ اس کی رہنمائی کیا کرتی تھیں۔

 سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ان کے گھر جا کر ان کی والدہ (بشریٰ بی بی) سے ملاقات کے بارے انہوں نے کہا کہ خان صاحب جب بھی ان کے گھر جاتے تو والدہ باپردہ ہو کر ان سے خاندان کی موجودگی میں ملاقات کرتی، یہاں تک کہ ہاتھوں پر دستانے تک پہن لیتی تھیں جس پر ہم والدہ کا مزاق اڑایا کرتے تھے، والدہ خان صاحب سے جب بات کر رہی ہوتی تھیں تو وہ ہم کو بھی پاس بٹھا لیا کرتی تھیں اور ہم یہ کہہ کر جان چھڑواتیں تھیں کہ ہم کو معاف کر دیں یہ باتیں ہم روزانہ سنتی ہیں۔

بشریٰ بی بی کی بیٹیوں نے مزید کہا کہ خان صاحب اور والدہ کے درمیان دین اسلام کی باتیں ہوا کرتیں تھیں اس کے علاوہ کبھی کوئی بات نہیں ہوئی، خان صاحب نے نکاح سے پہلے والدہ کا کبھی چہرہ نہیں دیکھا، اب سوشل میڈیا پر اور ٹی وی چینلز پر لوگ بیٹھ کر طرح طرح کی باتیں بنا رہے ہیں اور بیہودہ قسم کے الزامات لگا رہے ہیں کہ خان صاحب کے بشریٰ بی بی کے ساتھ تعلقات تھے وغیرہ وغیرہ، یہ سارے کے سارے الزامات من گھڑت اور جھوٹے ہیں، ان کے پاس ان سب باتوں کا کوئی ثبوت ہے تو دکھائیں۔

 عدت میں نکاح سے متعلق بشریٰ بی بی کی بڑی بیٹی نے کہا کہ والدہ نے اپنی شرعی عدت ہمارے گھر میں ہی پوری کی، ان کا کمرہ اور ہمارے والد کا کمرہ الگ ہو گیا تھا، اس کے بعد والدہ نانی کے گھر چلی گئیں پھر بعد میں ان کا خان صاحب سے نکاح ہوا، خان صاحب سے نے تو نکاح سے پہلے ان کا چہرہ تک نہیں دیکھا تھا، ہمارے چچاؤں نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ خان صاحب خاندان کی موجودگی میں بشریٰ بی بی سے ملاقات کے لئے آیا کرتے تھے۔

آخر میں بشریٰ بی بی کی دونوں بیٹیوں نے ویڈیو پیغام جاری کرنے کی ضرورت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آج تک خاموش اختیار کیے رکھی، ہم طرح طرح کی باتیں سنتی تھی لیکن خاموش رہیں لیکن جب بات ہماری والدہ کے کردار پر آئی تو ہم سے اب رہا نہیں گیا، لوگ ہماری والدہ کو جادوگرنی، پنکی پیرنی اور پتا نہیں کیا کیا کہہ رہے ہیں، نہ ہم نے اور نہ ہی ہماری والدہ نے کبھی کہا کہ ہم پیر ہیں یا ہمیں پیر کہو، لوگ اگر ہم کو پیر کہتے ہیں تو یہ ان کا مسئلہ ہے، ہماری والدہ ایک نیک اور باپردہ خاتون ان کی کردار کشی ہم سے برداشت نہیں ہوئی اس لئے خاندان کے خلاف جا کر ہم نے یہ ویڈیو ریکارڈ کی ہے۔