عرفان ملک : ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ائرپورٹ پر کاروائییاں کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 2 مسافروں کو ایجنٹ سمیت گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں اشبان مراد، انور اور امیر حمزہ شامل ہیں۔ ملزم اشبان مراد فلائٹ نمبر TK715 سے بیرون ملک جا رہا تھا، ملزم کی جانب سے پیش کیا جانے والا ماریشس پاسپورٹ جعلی نکلا، ملزم کے پاسپورٹ پر جعلی مہر لگی ہوئی تھی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے ایجنٹ سے 20 لاکھ روپے کے عوض ویزا حاصل کیا۔ ملزم کی نشاندہی پر ائرپورٹ احاطے سے یوسف بیگ نامی ایجنٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا، ملزم یوسف بیگ کے خلاف ایف آئی اے فیصل آباد اور گجرانوالہ میں بھی مقدمات درج ہیں۔
ایف آئی اے کی دوسری کارروائی
ایف آئی اے کی جانب سے دوسری کارروائی میں امیر حمزہ نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم فلائٹ نمبر PA 410 سے دبئی جا رہا تھا، شک کی بنیاد پر ملزم کے سامان کی تلاشی لی گئی، دوران تلاشی ملزم کے سامان سے جعلی اٹلین پاسپورٹ برآمد ہوا ۔ مذکورہ پاسپورٹ پر جعلی اسٹمپس بھی لگی ہوئی تھیں۔ ملزم کے سامان سے جعلی اسپین ریزیڈنٹ کارڈ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ملزمان کو بعد ازاں مزید قانونی کاروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔