علی امین کےخلاف غیر قانونی اسلحہ، شراب برآمدگی کیس، تمام گواہان پر جرح مکمل

3 May, 2024 | 05:27 PM

Ansa Awais

سٹی42 : اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کیخلاف اسلحے اور مبینہ شراب کی برآمدگی کے کیس میں تمام گواہوں پر جرح مکمل کر لی اور سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

 اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج صہیب بلال نے کیس کی سماعت کی،دورانِ سماعت کیس کے آخری گواہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں حاضری لگوائی جس کے بعد جرح مکمل ہو گئی،اس موقع پر علی امین گنڈا پور کی گاڑی سے برآمد بوتل بطور ثبوت عدالت میں پیش کی گئی۔

 گواہ نے بوتل کے بطور ثبوت ریکارڈ کا حصّہ بنانے کی تصدیق کی،وکیل ظہورالحسن نے عدالت سے استدعا کی کہ علی امین گنڈاپور کے لیے سوالنامہ مہیا کر دیں۔جج صہیب بلال نے کہا کہ سوالنامہ جمع کرواتے وقت علی امین گنڈاپور کا کمرۂ عدالت میں ہونا لازمی ہے، کل تک سوالنامہ دے دیا جائے گا، آئندہ تاریخ بھی بتا دی جائے گی۔

 یاد رہے کہ علی امین گنڈا پور پر اکتوبر 2016ء میں بنی گالہ سے گاڑی سے شراب اور اسلحہ برآمد ہونے کا مقدمہ درج ہوا تھا۔علی امین گنڈا پور نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ شہد لے جا رہے تھے جسے پولیس نے ضبط کر لیا تھا۔

  

مزیدخبریں