(عیسیٰ ترین) بلوچستان کے ضلع خضدار میں چمروک ایریا پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں صدر پریس کلب محمد صدیق مینگل شہید جبکہ 9افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں خضدار پریس کلب کے صدر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا،دھماکے سے اطراف کی عمارتیں بھی لرز اٹھیں اور علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں مقامی صحافی محمد صدیق مینگل جاں بحق ہوئے ہیں۔ وہ خضدار پریس کلب کے صدر اور مقامی اخبار سے وابستہ تھے۔
ایس ایچ او سٹی کے مطابق محمد صدیق مینگل اپنے گھر سے یونیورسٹی جارہے تھے۔
واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیئے ہیں۔