آزادی صحافت کے عالمی دن پر صدر اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام

3 May, 2024 | 10:52 AM

Ansa Awais

سٹی42 : آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد پریس عالمی اہمیت کے مسائل اجاگر کرنے کیلئے ناگزیر ہے، موسمیاتی تبدیلی، گرین ٹیکنالوجیز کی آگاہی میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔

 اپنے بیان میں صدر مملکت آصف زرداری نے  کہا کہ دنیا بھر میں صحافیوں کو اپنا کام کرنے میں چیلنجز کا سامنا ہے، صحافیوں کی سکیورٹی کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ وہ بلاخوف رپورٹنگ کرسکیں،صدر آصف زرداری نے کہا کہ میڈیا قومی مفاد مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ اور درست رپورٹنگ کرے، میڈیا کو جعلی خبروں کے سدباب اور اخلاقی اقدار کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔

 دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو سلام پیش کرتے ہوئے حریت فکر کے محافظوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے،وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں کوریج کے دوران جان قربان کرنے والے صحافی ہیرو ہیں، جبر سے لڑنا اور سچائی سامنے لانا ہی آزادی صحافت کے عالمی دن کا پیغام ہے۔

 شہباز شریف نے کہا کہ آزادی اظہار جمہوریت کی بنیاد اور معاشرے میں سچائی کی پکار ہے، فریقین کو میڈیا کیلئے سازگار ماحول کیلئے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا،ان کا مزید کہنا تھا کہ 16 ماہ کی ہماری حکومت کے اقدامات سے پاکستان کے پریس فریڈم کے عالمی انڈیکس میں 7 درجے بہتری آئی، 16 ماہ کی حکومت کے دوران میڈیا کے تحفظ کیلئے قانون سازی ہوئی۔

مزیدخبریں