مانیٹرنگ ڈیسک: ترجمان الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کے چیف الیکشن کمشنر پر الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا۔
اس حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی بھرتیاں قواعد و ضوابط کے تحت کی گئی ہیں,کمیشن کے سامنے معذرت نامہ پیش کرنے والوں کو جھوٹے الزامات لگانے سے پہلے گریبان میں ضرور جھانکنا چاہیے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نےاپنے دفاترکے لیے کوئی نجی اراضی نہیں خریدی،سرگودھا دفتر پی ٹی آئی حکومت میں دی گئی پنجاب حکومت کی زمین پر بنایا جا رہا ہے، دفاتر کیلئے زمین پنجاب حکومت سے سرکاری نرخوں پر پی ٹی آئی حکومت میں حاصل کی گئی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ زمین کی قیمت وفاقی حکومت کے خزانے سے پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں پنجاب حکومت کو منتقل کی گئی، جھوٹے الزام لگانے والوں کو اپنے ماضی پر نظر رکھنی چاہیے، ان اوچھے ہتھکنڈوں سے الیکشن کمیشن کسی قسم کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ الزام لگانے والے کو معلوم ہو کہ الیکشن کمیشن کی لائبریری میں سینئر ایڈووکیٹ حامد خان صاحب کی کتاب موجود ہے، ماضی قریب میں کمیشن کے سامنے معذرت نامہ پیش کرنے والوں کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں، انشا اللہ، تمام سازشی عناصر اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوں گے۔