(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بھٹو دور میں لوگوں نے خود کو آگ لگائی تھی، اب بھی ایسا ماحول بن رہا میں بتانا چاہتا ہوں کہ لانگ مارچ میں لوگ خود کوآگ لگانا چاہتے ہیں ، لانگ مارچ خونی ہوسکتا ہے، ملک کے حالات خراب ہوسکتے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فوج کو پاکستان کا لازم حصہ سمجھتا ہوں، فوج سے میرے تعلقات ہیں لیکن میں عمران خان کے ساتھ ہوں، ڈبل کراس نہیں کروں گا، جیتوں یا ہارو، عمران خان کے ساتھ ہوں۔
انہوں نے کہ عمران خان کا رویہ بھٹو جیسا ہوتا جارہاہے، ان کی خواہش کیخلاف نہیں جاسکتا، جیل کل بھیجنے والے آج بھیجیں، جیل تو میرا سسرال ہے، میں تو ضمانت بھی نہیں کراؤں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ گلی محلوں میں لڑائی ہونے لگی ہے اس کا ذمہ دار رانا ثنا اللہ ہے جس ملک کا وزیر داخلہ منشیات فروش ہو وہاں کیا حالات ہوں گے، سیاست ہاتھوں سے نکلتی جارہی ہے، 31مئی تک حل نکالیں ۔ 90 دن کے اندر الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے جوتے پالش کرنے والے کے ساتھ قوم رہنے کے لئے تیار نہیں، کسی اور کو لاتے تو شاید اس کے خلاف اتنی نفرت نہ ہوتی۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ممکن ہے مارچ کا اعلان ہو تو معاملات عمران خان کے ہاتھ سے بھی نکل جائیں، 90 دن بعد کی تاریخ دیں اور بڑی عید کے بعد الیکشن کرالیں۔