کورونا صورتحال، ٹی 20 ورلڈ کپ یو اے ای منتقل کرنے کا منصوبہ

3 May, 2021 | 02:34 PM

Sughra Afzal

نشتر پارک ( حافظ شہبازعلی) بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ابتر ہوتی صورتحال کے پیش نظر رواں سال شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کو بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا منصوبہ بنالیا۔

 تفصیلات کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ رواں سال اکتوبر، نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے جس کا فائنل 14 نومبر کو کھیلا جائے گا اور ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ٹورنامنٹ ڈائریکٹر دھیرج ملہوترا نے بتایا کہ  ہم ہر طرح کی صورتحال کیلئے خود کو تیار کررہے ہیں اور اگر صورتحال بدترین شکل اختیار کر جاتی ہے تو ٹورنامنٹ کو متحدہ عرب امارات منتقل کر کے وہاں میزبانی کریں گے۔ 

انہوں نے کہاکہ ہم ٹورنامنٹ کے بھارت میں انعقاد کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور اس وقت مستقل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) سے رابطے میں ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کے ساتھ ساتھ بھارت میں خطرناک ہوتی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کرکٹ برادری نے ٹی20 ورلڈ کپ کے بھارت میں انعقاد کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

کرکٹ برادری نے ان سے سوالات کرنے شروع کر دیئے ہیں کہ ورلڈ کپ کے انعقاد میں اب محض 6ماہ باقی ہیں تو کیا ایسے میں بھارت ایونٹ کی میزبانی کے لیے موزوں ملک ہے۔

دھیرج ملہوترا نے کہا کہ اگر آئی سی سی کو ایونٹ کیلئے بھارت غیرمحفوظ ملک لگا تو بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) نے ایونٹ کو ہنگامی بنیادوں پر متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، بھارتی بورڈ نے 9 مقامات پر ورلڈ کپ کے انعقاد کا منصوبہ بنایا ہے جس میں ممبئی، احمد آباد، لکھنؤ، چنائی، بنگلورو، دہلی، دھرمشالا ، کولکتہ اور حیدرآباد شامل ہیں جبکہ فائنل کی میزبانی احمدآباد میں بنایا گیا دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم کرے گا جس میں ایک لاکھ 10 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔آئی سی سی کی ٹیم کو انتظامات، حفاظتی اقدامات اور سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے بھارت کا دورہ کرنا تھا لیکن متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھارت پر عائد سفری پابندیوں کی وجہ سے جائزہ ٹیم کسی موزوں وقت پر دورہ کرے گی۔

دھیرج نے کہا کہ ابھی ہم اصل منصوبے پر عمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں کیونکہ ابھی تک ہمیں نہیں پتہ کہ کیا صورتحال جنم لیتی ہے البتہ متبادل منصوبہ بنایا جا چکا ہے۔

مزیدخبریں