این سی او سی کا بڑا فیصلہ، اعتکاف میں بیٹھنے کی اجازت

3 May, 2021 | 01:33 PM

Arslan Sheikh
Read more!

شاہد ندیم سپرا: رمضان المبارک کے آخری عشرے میں شہر سمیت پنجاب کی مساجد میں اعتکاف بیٹھنے کی اجازت دیدی گئی، صرف دو افراد ایس او پیز کے تحت اعتکاف کر سکیں گے۔
این سی او سی کے فیصلے کی روشنی میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دو صحت مند افراد مسجد میں اعتکاف بیٹھیں گے جبکہ معتکفین کو میٹرس، صابن، تکیہ، جائے نماز سمیت دیگر ضروری اشیاء گھر سے لانا ہوں گی۔ اسی طرح اعتکاف کے دوران سماجی فاصلے کیساتھ ساتھ ماسک کا پہننا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق معتکفین کی طبیعت خراب ہونے پر فوری مسجد انتظامیہ کیساتھ رابطہ کرکے محکمہ صحت کو آگاہ کیا جائےگا۔ شہر میں آج پانچ ہزار پانچ سو مساجد میں ہزاروں افراد اعتکاف بیٹھ جائیں گے، جامعہ نعیمیہ کے پرنسپل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے حکومتی فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کمشنر لاہور  کیپٹن ر محمد عثمان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال لاہور ڈویژن میں حکومت پنجاب کے احکامات پر اعتکاف کی اجازت نہیں ہے۔عوام کے تعاون سے کورونا وائرس کم ہوا ہے مگر خطرہ ابھی منڈلا رہا ہے۔گھر پر عبادات کو ترجیح دیں جبکہ احتیاط میں حیات ہے۔کمشنر لاہور  کا مزید کہنا تھا کہ ذرہ سی بھی بداحتیاطی اور کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی گنجائش نہیں ہے۔  

واضح رہے گزشتہ روز محکمہ اوقاف پنجاب نے اعتکاف پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں کورونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں قائم مساجد اور مزارات میں اعتکاف پرمکمل پابندی ہوگی۔

مزیدخبریں