پاکستان کا پہلا ہندو نوجوان پائلٹ بنے گا

3 May, 2020 | 12:59 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42 :  ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک ہندو نوجوان کو پاکستان ایئرفورس میں جی ڈی پائلٹ منتخب کرلیا گیا، بھارت میں جہاں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کا جینا مشکل بنادیا گیا وہیں پاکستان میں اقلیتوں کو نہ صرف مذہبی آزادی حاصل ہے بلکہ اقلیت سے تعلق رکھنے والے تمام نوجوان پڑھ لکھ کر اپنی صلاحتیوں کا کھل کر اظہار کرسکتے ہیں جس کی نئی مثال سامنے آئی ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک ہندو نوجوان کو پاکستان ایئر فورس میں جی ڈی پائلٹ منتخب کرلیا گیا ہے۔

24 نیوز کے مطابق  صوبہ سندھ کے سب سے بڑے ضلع تھر پارکر سے تعلق رکھنے والے راہول دیو کی بطور پائلٹ آفیسر سلیکشن پر اقلیتی برادری انتہائی خوش دکھائی دے رہی ہے، پاکستان کے نئے جی ڈی پائلٹ کی خوشگوار تصویر بھی ٹویٹر پر گردش کر رہی ہے جب کہ سوشل میڈیا پرراہول دیو سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

24 نیوز کی اینکر نسیم زہرہ نے بھی ایک ہندو نوجوان کی پائلٹ کیلئے سلیکشن پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

آل پاکستان ہندو پنچائیت کے سیکریٹری روی دوانی نے کہا ہے کہ اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے بہت سے نوجوان سول اور آرمی آفیسرز کی صورت موجود ہیں جب کہ ملک میں بہت سے ہندو ڈاکٹر بھی اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوا رہے ہیں اگر حکومت اقلیتوں کا اسی طرح خیال رکھے تو آنے والے چند برس میں راہول دیو جیسے نوجوان قوم کی خدمت کے لیے پیش ہوتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ پاک فوج، پولیس اور رینجرز سمیت مختلف قومی اداروں میں ہندو اور سکھ افسران ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، پاکستان میں سب سے زیادہ ہندو برادری ضلع تھرپارکر میں آباد ہے، اور یہ انتہائی پسماندہ ضلع ہے تاہم یہاں سے ایک نوجوان کا پاک فضائیہ میں بطورجی ڈی پائلٹ انتخاب بہت بڑی کامیابی ہے۔

مزیدخبریں