لوئر مال (قیصر کھو کھر، بسام سلطان) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیلنے لگی، ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 908 کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 19 ہزار 22 تک پہنچ گئی، مہلک وائرس سے اب تک 437 افراد لقمہ اجل بن چکے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں کورونا کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 334 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد لاہور میں متاثرہ افراد کی تعداد 2154 تک پہنچ گئی، پنجاب بھر میں 89 ہزار تشخیصی ٹیسٹوں کے نتیجے میں کورونا کے514 نئے کیسز کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 6 ہزار854 ہوگئی، 48 روز کے دوران صوبے میں 115 شہری کورونا سے جان کی بازی ہارچکے ہیں جبکہ لاہور میں کورونا کے 55 مریض دم توڑ گئے، پنجاب میں 2206 کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں زیرعلاج مریضوں میں سب سے زیادہ ایکسپو سنٹر 392، میو ہسپتال میں 294، پی کے ایل آئی میں 72، سروسزمیں 24، جناح میں 8، جنرل میں 5، گنگارام 7 مریض، 21 مزنگ ٹیچنگ ہسپتال اور 8 بچے چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج ہیں، ایکسپو سنٹر سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 192 جبکہ میو ہسپتال میں تعداد 190 ہوگئی۔
محکمہ داخلہ کے مانیٹرنگ سیل کے مطابق صوبے میں کورونا کے مشتبہ مریضوں مریضوں کی تعداد 58 ہزار 174 تک پہنچ گئی۔
ترجمان محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، بیرون ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔
واضح رہےکہ24 مارچ سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 41 واں روز ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے، کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔