ٹاﺅن ہال(راﺅ دلشاد) محکمہ بلدیات پنجاب کا شہریوں کی سہولت کیلئے بلدیہ ایپ لانچ کرنے کا فیصلہ، شہری گھر بیٹھے سرٹیفکیٹس کے حصول کے لئے کمپیوٹر اورموبائل پر فرسٹ رپورٹ کا اندراج کروا سکیں گے۔
محکمہ بلدیات پنجاب نے شہریوں کو برتھ، ڈیتھ ،میرج اور طلاق کے سرٹیفکیٹ کی جلد فراہمی کے لیے بلدیہ آن لائن ایپ تیار کر لی ہے، بلدیہ آن لائن ایپ میں شہری سرٹیفکیٹس سے متعلق ڈیٹا فراہم کریں گے، بلدیہ آن لائن ایپ پر پیدائش اور وفات کے انداراج کی آپشنز ہونگی، رپورٹ کنندہ کے کوائف اور نومولود کے کوائف کا اندراج کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے مطابق بلدیہ آن لائن ایپ بہت جلد متعارف کروا دی جائے گی، درخواست گزاروں کو درخواست کا وقت آن لائن ہی ملے گا، سرٹیفکیٹس کی کاپی کے حصول کے لئے ایم سی ایل ہیڈ کواٹر یا فیلڈ آفسز میں جانا پڑے گا۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے حکم پر پنجاب حکومت نے بلدیہ آن لائن سروس کو شہریوں کیلئے فعال کر دیا ہے، اب شہری پیدائش سرٹیفکیٹ، اموات کے سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات گھر بیٹھے آن لائن ہی حاصل کر سکتے ہیں، اس سے قبل شہریوں کو مذکورہ سرٹیفکیٹس کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
واضح رہے کہ 30 اپریل کو شہر کی 274 یونین کونسلز کو میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ضم کردیا گیا، تمام یونین کونسلز کا ریکارڈ بھی ایم سی ایل کے حوالےکردیا گیا، برتھ، ڈیتھ، میرج اور طلاق سرٹیفکیٹس اب میٹروپولیٹن کارپوریشن سے ہی جاری ہوسکیں گے۔
چیف کارپوریشن آفیسر ایم سی ایل سید علی عباس بخاری کا کہنا تھا کہ شہریوں کوبنیادی دستاویزات کی فراہمی ان کی دہلیز پر ہو گی،سرکاری عمارتوں کی101 یونین کونسلز کے دفاتر اب ایم سی ایل کے دفاتر ہوں گے، جہاں ایم سی ایل کے 101فیلڈ آفیسرز فرائض سرانجام دیں گے۔