( سٹی 42 ) پنجاب کے حکمران لاہور کو پیرس تو دور کی بات شہریوں کو بنیادی سہولیات بھی نہ دے سکے، صحت کی سہولیات ہیں نہ کھانے پینے کی معیاری اشیاء، سٹی فورٹی ٹو کے پروگرام بنام سرکار نے مختلف علاقوں میں ناقص، گندے اور انتہائی مہلک پانی کا انکشاف کرکے حکومت کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو بے نقاب کردیا۔
حکومتی دعووں کے برعکس لاہور کے باسیوں کو پینے کے صاف پانی سے خطرہ، واٹر ٹیسٹنگ میں پانی میں سنگین وائرس کی موجودگی ثابت ہوگئی۔ پانی میں موجود انتہائی خطرناک جراثیم نہ صرف شہریوں کو ہیپاٹائٹس میں مبتلا کرنے لگے بلکہ سیکڑوں شہری امراض جگر کے باعث روزانہ ہسپتالوں سے رجوع کرنے لگے۔ لاہور میں پولیو کے پے در پے مریضوں کی تصدیق نے بھی حکمرانوں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی۔
شہر میں ناقص اور سیوریج ملا پانی سے متعلق شہریوں کا کہنا ہے کہ حکمران صرف ذاتی تشہیر کیلئے صاف پانی کے منصوبوں کا اعلان کرتے ہیں لیکن ایسی سہولتیں صرف زبانی کلامی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کے متعلق بھی سوچنا چاہیئے۔
صاف پانی کے پروگرام پر صحیح معنوں میں عمل کیا جائے تو شہری ہیپاٹائٹس اور جگر کے امراض سے محفوظ ہوسکتے ہیں۔