(نبیل ملک) حکومت پاکستان نے انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے جذبہ خیر سگالی کے تحت تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بھارتی قیدی "جتندر ارجن واڑہ" کو کراچی سے لاہور منتقل کر کے واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ کر دیا۔
سٹی42 کے مطابق آج صبح سیرئین ائیر کی پرواز پانچ دو صفر کے ذریعے حکومت پاکستان نے بھارتی قیدی "جتندر ارجن واڑہ" کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں کراچی سے لاہور منتقل کیا۔ لاہور پہنچتے ہی سیکیورٹی اداروں نے بھارتی قیدی کے دستاویزات کی پڑتال کی جس کے بعد اسے انتہائی سخت سکیورٹی اور سفارتی عملے کے ہمراہ ائیرپورٹ سے واہگہ بارڈر منتقل کر دیا گیا۔
واہگہ بارڈر پہنچتے ہی بھارتی قیدی "جتندر ارجن واڑہ" کو حساس اداروں سمیت رینجرز حکام کے حوالے کر دیا گیا، جنہوں نے معمول کی کارروائی کے بعد اسے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے حوالے کر دیا۔
پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران "جتندر ارجن واڑہ" نے بتایا کہ وہ وطن واپسی پر بے حد خوش ہے اور حکومت پاکستان سمیت پاکستانی عوام کا بھی شکر گزار ہے۔