(ویب ڈیسک)قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس شروع ہوگیا جس میں ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب کیا جائے گا۔
اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے، اجلاس میں شرکت کیلئے اراکین کی آمد بھی شروع ہوگئی ہے، نومنتخب قومی اسمبلی آج خصوصی اجلاس میں قائد ایوان اور ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد وزیراعظم شہباز شریف پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے، قومی اسمبلی اجلاس سے قبل قائد کے اسمبلی پہنچنے پر پارٹی کے نامزد وزیر اعظم شہبازشریف اور دیگر رہنماوں نے ان کا استقبال کیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔
حکمران اتحاد کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے منصب کیلئے شہباز شریف امیدوار ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے عمر ایوب خان ان کے مدمقابل ہوں گے، شہباز شریف کو پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم ، آئی پی پی اور دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ جے یو آئی نے وزیراعظم کے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
336 رکنی ایوان میں وزیر اعظم بننے کے لیے 169ووٹ درکار ہیں، ایوان میں اتحادیوں کو 209 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد 91 ہے۔