(اسرار خان) ہربنس پورہ کے علاقہ میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ہربنس پورہ مین بازار میں صدیق مسیح کے گھر کی بالائی منزل پر واقع کمرے میں مذہبی عبادات جاری تھیں کہ اس دوران کمرے کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، حادثے کی اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور 11 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر سروسز ہسپتال منتقل کردیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ 8 سالہ بابر اور 12 سالہ ثانیہ ہسپتال میں دم توڑ گئے جبکہ باقی زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے، زخمیوں میں 55 سالہ صدیق مسیح، 18 سالہ انیتا، 50 سالہ نسیم بی بی، 25 سالہ فرح، 18 سالہ علیشا، 16 سالہ سلمان، 18 سالہ امبر، 10 سالہ کنزہ اور 12 سالہ فنکا مسیح شامل ہیں۔