ریسکیو 1122 خود مختار ادارہ بن گیا، بل منظور

3 Mar, 2021 | 02:48 PM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پنجاب ایمرجنسی سروس ترمیمی بل 2021ء منظور، ریسکیو 1122 خود مختار ادارہ بن گیا، ڈی جی ریسکیو کو صوبائی سیکرٹری کے اختیارات حاصل ہوگئے۔

اجلاس سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت شروع ہوا، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی خصوصی ہدایت پر پنجاب ایمرجنسی سروس ترمیمی بل 2021ء ایجنڈے میں شامل کیا گیا، مسلم لیگ(ق) کی رکن اسمبلی خدیجہ عمر نے بل پیش کیا، جس کو پنجاب اسمبلی کے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا.

سپیکر پنجاب اسمبلی نے ریسکیو 1122 ترمیمی بل 2021ء کی منظوری کے بعد ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بل کی منظوری سے ریسکیو 1122 کو خود مختار ادارے کا درجہ مل گیا, اب ادارے کا سروس اسٹرکچر بن سکے گا، پنجاب ایمرجنسی کونسل کے باعث ادارے کے حوالے سے حائل رکاوٹیں دور کر دی گئیں، اب پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اجلاس وزیر قانون طلب کر سکے گا۔

 سپیکر نے کہا کہ بل کی منظوری کے باعث ادارے میں سروسز سر انجام دینے والوں کیلئے بہتر مستقبل کے اقدامات ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ الحمدللہ میرے ہاتھوں سے بنا، اللہ نے آج اس ادارے کو مزید بہتر بنانے کیلئے قانون سازی کا موقع دیا۔ 

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے آج تاریخی بل منظور کیا ہے جس سے ریسکیو 1122 کا ادارہ مزید پھلے پھولے گا اور عوامی خدمت اور ریلیف کے سفر کو مزید آگے بڑھائے گا۔

مزیدخبریں