(علی ساہی) موٹروے زیادتی کیس میں اہم پیشرفت ہوئی، عدالت نے اہم فیصلہ کرتے مرکزی ملزم عابد ملہی اور شفقت محمود پر فرد جرم عائدکردی گئی،دونوں ملزمان نےصحت جرم سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی اور شفقت محمود پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔دونوں ملزمان نےصحت جرم سے انکار کردیا،لاہور کی کیمپ جیل میں موٹر وے زیادتی کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران مرکزی ملزمان عابد ملہی اور شفقت محمود پر فردِ جرم عائد کی گئی۔اسی حوالےسے کورٹ کی مزید کارروائی شروع کردی گئی ۔سرکاری گواہان کے بیانات قلمبند کئے جانا شروع کردیا گیا۔تفتیشی ٹیم،ڈولفن پولیس،موٹروے مکینک اور مدعیہ کا میڈیکل کرنے والے ڈاکٹرز سے بیانات قلمبند کئے جانا شروع ہوگئے۔ 4سرکاری گواہان کے بیانات قلمبند کرلئے گئے۔ جج ارشد حسین بھٹہ کیس کی سماعت کررہے ہیں۔
گزشتہ کیس کی سماعت پرانسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی اور شفقت کو پیش کیا گیا، جج ارشد حسین بھٹہ نے تفتیشی سے استفسار کیا کہ چالان کہاں ہے؟ جس پر تفتیشی نے کہا کہ جلد پیش کردیں گے، جج ارشد حسین بھٹہ نے ریمارکس دئیے کہ پچھلی تاریخ پر آپ کو چالان پیش کرنے کا آخری موقع دیا تھا۔
تفتیشی نے کہا کہ مہلت دے دیں آئندہ تاریخ پر چالان آجائے گا، چالان پیش نہ کرنے پر عدالت نے تفتیشی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا اور دونوں ملزمان کے ریمانڈ میں پندرہ فروری تک توسیع کی گئی تھی۔
واضح رہےکہ 9 ستمبر2020ء کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیاتھا،اطلاعات کے مطابق دو افراد نے موٹرے موٹر وے پہ ایک گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور ان کے بچوں کو باہر نکالا جس کے بعد انہیں قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر خاتون کو بچوں کے سامنے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔