(قیصر کھوکھر) اسلحہ لائسنس پر پابندی برقرار رہے گی۔ اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم نے سمری مسترد کر تے ہوئے عوام کو اسلحہ لائسنس دینے کی تجویز ڈراپ کر دی۔ محکمہ داخلہ کے مطابق عوام کو فی الحال اسلحہ لائسنس نہیں دئیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق شہریوں کو اسلحہ لائسنس کی فراہمی پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے یہ فیصلہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روزاسلام پورہ اویس پرنی روڈ پر ہارون شعیب نامی نوجوان کی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فائرنگ کرتے اور دیگر ویڈیوز بھی منظر عام پر آئی تھیں۔ سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی ویڈیو میں ہارون شعیب کو اندھا دھند فائرنگ کرتے واضح دیکھا گیا، فائرنگ کے باعث کوئی جانی نقصان تو نہ ہوا مگر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
بتایا گیا تھا کہ نوجوان ہارون اکثر دہشت پھیلانے کے لئے اسلام پورہ کے علاقے میں ہوائی فائرنگ کرتا تھا۔ ادھر ایس پی آپریشنز سٹی ڈویڑن نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے ہدایت بھی کی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ایسے ہی و اقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسلحہ لائسنس پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔