(جنید ریاض) ایپکا لاہور نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے صدر اور جنرل سیکرٹری کوکام سے روک دیا جبکہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کےصدرجانب سے ایگزیکٹیو باڈی کو ختم کیے جانے کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایپکا ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کےصدر ندیم شاہ کی جانب سے ایگزیکٹیو باڈی کو ختم کیے جانے کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا گیا ، ایپکا لاہور ڈویژن نےایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کےصدر ندیم شاہ کو آئین کی خلاف ورزی پر صدارت کے عہدے پر کام کرنے سے روک دیا ،ارشد مہر اور وسیم مغل کو تاحکم ثانی صدر اور جنرل سیکرٹری کا اضافی عہدہ دے دیا گیا،جنرل سیکرٹری مبشر علی کو بھی اپنے عہدے کا حلف نہ اٹھانے پر کام کرنے سے روک دیا گیا۔
صدر ندیم شاہ کو اختیارات سے تجاویز کرنے پر 7 روز میں تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے،وائس پریذیڈنٹ ارشد مہر کو صدرکااورایڈیشنل جنرل سیکرٹری وسیم مغل کو جنرل سیکرٹری کا اضافی چارج دیاگیاہے, ایپکا لاہور ڈویژن کے مطابق ارشد مہر اور وسیم مغل تاحکم ثانی صدر اور جنرل سیکرٹری کے اضافی عہدے پر فائز رہیں گے۔
دوسری جانب ایپکا پنجاب کے زیر اہتمام مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین نے سول سیکرٹریٹ کے باہر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا،آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن پنجاب کے دو دھڑوں کے زیر انتظام محکمہ بلدیات،سوشل ویلفئیر، پاپولیشن ویلفئیر، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، ہاؤسنگ سمیت مختلف سرکاری محکموں ک ے ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے کے ایک دھڑے کی قیادت ایپکا پنجاب کے صدر حاجی محمد ارشاد اور دوسرے دھڑے کی قیادت مختار گجر اور جنرل سیکرٹری لاہور ڈویژن ضیاء اللہ چودھری نے کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد ارشاد کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت چھوٹے ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے۔
ضیاء اللہ چودھری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت دیگر صوبوں کی طرز پر پنجاب کے سرکاری ملازمین کو بھی الاؤنس دے،مظاہرین کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے تو دفاتر کو تالے لگادیئے جائیں گے۔