( علی ساہی ) سرکاری، غیرسرکاری اور بڑی پرائیویٹ کمپنیوں کروڑوں روپے کی ٹوکن ٹیکس نادہندہ پر محکمہ ایکسائز نے بتیس ہزار گاڑیوں کی لسٹیں تیار کرکے وارننگ نوٹسز بھجوانے شروع کردیے۔
محکمہ ایکسائز نے موٹر برانچ کی ریکوری بہتر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ سڑکوں پر کریک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ نادہندہ 32 ہزارسرکاری، نیم سرکاری اور بڑی پرائیویٹ کمپنیوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں ایسی گاڑیاں موجود ہیں جو پچھلے کئی سالوں سے ٹوکن ٹیکس نادہندہ ہیں۔
ڈائریکٹر ریجن سی نے نادہندہ گاڑیوں کی فہرستیں تمام ایم آر ایز کو بھجوادیں ہیں جبکہ ایکسائز نے ٹوکن ٹیکس کی مد میں نادہندہ اداروں کو وارننگ نوٹسز بھجوانا بھی شروع کردئیے ہیں۔
ٹوکن ٹیکس نادہندگان کو 10 روز میں سابقہ ٹیکس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، عدم ادائیگی کی صورت میں کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ ٹوکن ٹیکس کی مد میں بڑی ڈیفالٹر گاڑیوں کو بند کردیا جائے گا جبکہ دیگر گاڑیوں کے چالان کیے جائیں گے۔
دوسری جانب ڈی جی ایکسائز سہیل شہزاد کے حکم پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں وطین چوک اور لبرٹی گول چکر پر ناکہ بندی کی گئی۔ ای ٹی اوز کی سربراہی میں ناکہ بندی کے دوران تین سو چالیس سے زائد گاڑیوں کے چالان جبکہ سات گاڑیاں بند کردی گئیں۔
ڈائریکٹر رانا قمرالحسن سجاد کا کہنا کہ ہے کہ دو سال سے زائد ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کو بند کیا جارہا ہے جبکہ اس سے کم عرصہ اور نان رجسٹرڈ گاڑی مالکان کے چالان کرکے کاغذات ضبط کیے جارہے ہیں۔
محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ شہری بروقت اپنی گاڑیاں اپنے نام کرائیں اور واجبات ادا کریں جبکہ ہر منگل اور ہفتے کو شہر میں ناکہ بندی کی جائے گی۔