24 نیوز کی بندش کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

3 Mar, 2020 | 12:00 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) حق سچ کی آواز بلند کرنے پرٹوئنٹی فور نیوز ایک بارپھرنشانےپر، نیپرا نے کوارٹرلی ایڈجسٹمنٹ کےنام سےبجلی کے بلوں میں ایک روپے 65 پیسہ کا اضافہ لاگو کیا تو 24 نیوز نے اس خبر کو چلایا جس پر پیمرا نے ایکشن لیتے ہوئے 29 فروری کو کئی شہروں میں 24 نیوز چینل کی نشریات بند کردیں جو تاحال بند ہیں،24 نیوز کی بندش کی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، پاکستان براڈکاسٹرزایسوسی ایشن اور لاہور پریس کلب نے شدید مذمت کی۔

سیاسی رہنمابھی ٹوئنٹی فور نیوز کی آواز بن گئے، نشریات کی بندش کی شدید الفاظ میں مذمت کی، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹوئنٹی فور نیوز نے ہمیشہ سچ اور حق کی بات کی ، حکومت سچ بولنے اور دکھانے والوں پراب پابندی لگارہی ہے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ میڈیاپرپابندی سےحکومت کی نیک نامی نہیں ہوتی۔

لیگی ایم پی اے کنول لیاقت ایڈووکیٹ کا کہنا ہےکہ ٹوئنٹی فورنیوز کو سچ دکھانے پرحکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے جبکہ ٹوئنٹی فور نیوز کو سچ کی آواز بننے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

لیگی ایم پی اے کنول لیاقت ایڈووکیٹ نے ٹوئنٹی فور نیوز کی بندش کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی،  قرارداد کے متن  میں کہا گیا ہےکہ پنجاب اسمبلی کے ایوان کی یہ رائے ہے کہ آزادی صحافت کسی بھی معاشرے کو سدھارنے کا باعث بنتی ہے جبکہ تبدیلی سرکار نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ آزادانہ اور غیر جانبدار صحافت کو زندہ رکھیں گے، لیکن آزادی رائے پر سخت پہرے، صحافیوں کا معاشی قتل، سوشل میڈیا پر پابندی موجودہ حکومت کی ذہنی پستی کا ثبوت ہے۔

 قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ  24 نیوز کو حق کی آواز عوام تک پہنچانے، حکومتی جھوٹے وعدے یاد کروانے اور عام آدمی کے جذبات کی ترجمانی کرنے کی پاداش میں بندش کا سامنا کرنا پڑا جو کہ سراسر ناانصافی ہے،  پنجاب اسمبلی کا  ایوان چینل 24 نیوزکی بندش کی پرزور مذمت کرتا ہے۔

دوسری جانب شہریوں کا 24نیوز کی نشریات بندش کی مذمت کرتےہوئے کہنا تھا کہ نشریات کی بندش آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے، حقائق جاننا شہریوں کا بنیادی حق ہے۔

مزیدخبریں