ڈیفنس (زین مدنی) پاکستان کی نامور اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ شوبز کی چمکتی دنیا بالکل خوابوں کی طرح ہوتی ہے جہاں ہر چیز بہت خوبصورت دکھائی دیتی ہے۔
ایک انٹرویو میں میرا نے کہا کہ مشکل کاموں میں سے ایک کام اداکاری کرنا بھی ہے، فنکار کی زندگی جیسی بھی ہو وہ اپنے کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھر کر لوگوں کے اداس چہروں پر مسکراہٹ لاتا ہے، محنت ‘ لگن کے جذبے سے سرشار ہوکر جب شوبز کی دنیا میں قدم رکھا تو پھر کامیابیوں نے میرے قدم چومے‘ شوبز کی چمکتی دمکتی دنیا بڑی ہی عجیب ہے، عام طور پر یہاں سب کچھ اچھا اور خوابوں کی طرح دکھائی دیتا ہے لیکن حقیقت میں ایسا نہیں۔
میرا نے کہا کہ ہمارے ہاں فلمساز اور ہدایتکاروں نے فلم میکنگ کے حوالے سے وقت کے ساتھ بدلتی ٹیکنالوجی پر توجہ ہی نہیں دی جس کا خمیازہ ہمیں فلم انڈسٹری کے ایسے شدید بحران کی صورت میں بھگتنا پڑا کہ اسٹوڈیوز کے ساتھ سینما انڈسٹری بھی زوال پذیر ہوگئی، ابھی فلم میکنگ بہتری کی طرف گامزن ضرور ہوئی ہے مگر اس کا مطلب ہرگز نہیں لینا چاہیے کہ ہم اپنی منزل پا چکے ہیں ابھی بہت کچھ مزید کر نے کی بھی ضرورت ہے۔