(علی ساہی) پنجاب پولیس نے اسلحے کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا، اب متعلقہ اضلاع کے رجسٹرڈ کی بجائے پنجاب بھر میں اسلحہ کی انسپکشن کے لیے متعلقہ برانچ میں تیار کی گئی لسٹیں استعمال ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس میں اسلحے کے مختلف سیکنڈلز سامنے آنے کے بعد تمام اضلاع میں پولیس کے پاس موجود اسلحے کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈسپلن اینڈ انسپکشن برانچ نے کمپیوٹرائزیشن کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے مطابق ہر ہتھیار کو ایک کمپیوٹرائزڈ نمبر جاری کیا جائے گا۔
ایڈیشنل آئی جی اعجازشاہ کا کہنا ہے کہ کمپیوٹرائزڈ ہونے کے بعد اسلحے کا ریکارڈ سی پی او آفس میں موجود ہوگا۔ کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کے بعد انسپکشن میں آسانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی کمپیوٹرائزیشن کا فیصلہ لاہور اور ملتان سمیت دیگر اضلاع میں مختلف سیکنڈلز سامنے آنے پر کیا گیا کیونکہ سرکاری اسلحہ کے پارٹس تبدیل کر لیے جاتے ہیں یاغائب کر دیئے جاتے ہیں، کمپیوٹرائزیشن کے بعد یہ مسائل حل ہونگے، پنجاب پولیس کا اسلحے کا ریکارڈ بھی سنٹرلائزڈ ہوجائے گا۔