سٹی42: ملتان روڈ پر ضلع اوکاڑہ کے تحصیل ہیڈکوارٹر پتوکی میں درخت گرنے، بجلی کی تاریں ٹوٹنے کے اور گھروں کی چھتیں گرنے کے حادثات میں دو بچے جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہو گئے۔
پیر کی شب پنجاب کے کئی علاقوں کے ساتھ پتوکی میں بھی آندھی کے ساتھ بارش شروع ہو گئی۔ پتوکی شہر اور گردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کے دوران کئی حادثات کی اطلاعات ملی ہیں۔
پتوکی کے علاقے حویلی پہاڑیاں والی میں تیز آندھی کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق، ایک بچی سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 سالہ نعمان اور 8 سالہ سنیتا شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے 35 سالہ وارث اور 2 سالہ نیہا کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
گرد آلود تیز آندھی کی وجہ سے بجلی کا پول ٹوٹ کر ملتان روڈ ہائی وے پر گر گیا ۔ اس حادثہ کے سبب دو رویہ ملتان روڈ کے ایک حصہ پر ٹریفک بلاک ہو گیا۔
پتوکی کے علاقہ میں تیز آندھی کی وجہ سے کئی درخت ٹوٹ کر گر چکے ہیں اور سڑکوں پر نصب کئی سائن بورڈ اُڑ گئے۔
ملتان روڈ پر درخت گرنے کے سبب ٹریفک بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئی ہیں۔
بعد ازاں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تیز آندھی کے باعث حادثات میں ایک بچے اور خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔
سائن بورڈ گرنے کے واقعہ میں 3 موٹر سائیکل زخمی ہوگئے جبکہ ایک گھر کی دیوار اور چھت گرنے سے 9 سالہ بچہ اور ایک جوان شخص زخمی ہوا
متعدد گھروں کی سولر پلیٹیں ٹوٹ کر اڑ گئی۔ ایسی ایک سولر پلیٹیں لگنے سے خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوئے
زخمیوں میں مبین، مختار،اصغر، سفیان ،بابر اور دیگر شامل ہیں۔
تمام زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال پتوکی منتقل کر دیا گیا۔