ناکارہ سیوریج، ٹوٹی پھوٹی غلیظ پانی سے بھری گلیاں؛میاں بلال پارک میں زندگی اذیت کا  پہاڑ بن گئی

3 Jun, 2024 | 07:56 PM

افشاں رضوان:  میاں بلال پارک فتح گڑھ کا سیوریج نظام کبھی مرمت نہ ہونے کے سبب ناکارہ ہو گیا، متعدد گلیوں میں گندا پانی جمع رہتا ہے۔ سارا علاقہ عملاً گندگی کا ڈھیر بن گیا ۔  علاقہ کے مکینوں کیلئے زندگی اذیت کا پہاڑ بن کر رہ گئی۔

میاں بلال پارک کے مکینوں نے بتایا کہ  فتح گڑھ کا سیوریج نظام  عرصہ سے خراب ہے، سیوریج کی کبھی مرمت نہیں ہوتی جس کے سبب اب یہ ناکارہ ہو گیا ہے۔ خراب سیوریج کی وجہ سے علاقہ کی بہت سی گلیوں میں گندا پانی ہر وقت جمع رہتا ہے۔  علاقہ کے کینوں کو اذیت ناک مسائل کا  مستقلاً سامنا رہتا ہے۔ 


واسا انتظامیہ کی مسلسل غفلت کے باعث میاں بلال پارک فتح گڑھ کا علاقہ گندگی کے ڈھیرمیں تبدیل ہوگیاہے۔ علاقہ مکینوں کا کہناہے 3 سال سے سیوریج نظام خراب ہے۔ گلیوں اور سڑکوں پر ہر  وقت گندا پانی جمع رہنے کی وجہ سے  آمد و رفت بھی متاثر ہوتی ہے۔ مچھروں کی افزائش کے باعث بیماریاں پھیلنے لگی ہیں۔

گلیوں اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے بعد کبھی مرمت نہ ہونے کے سبب یہ گلیاں کھنڈر بن گئی ہیں۔ میاں بلال پارک فتح گرح کی ٹوٹی پھوٹی کچی گلیاں لاہور شہر میں ایسے ہیں جیسے مخمل میں ٹاٹ کا پیوند۔ ان گلیوں میں بچے حادثات کا شکار ہوتے رہتے ہیں۔

علاقہ کے مکینوں نے بتایا کہ انتظامیہ کو بہت دفعہ  درخواست دی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ علاقہ مکینوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے متعلقہ انتظامیہ کی نااہلی کا نوٹس لے کر سیوریج سسٹم بحال کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں