سپیشل افراد کے وظیفہ میں اضافہ، "ہمت کارڈ " پروجیکٹ کی منظوری

3 Jun, 2024 | 06:02 PM

راؤ  دلشاد:  پنجاب کی وزیر اعلیٰ  مریم نواز شریف نے مختلف جسمانی معذوریوں کے ساتھ  نارمل جیسی زندگی گزارنے والے  باہمت شہریوں کے لئے " چیف منسٹر ہمت کارڈ پراجیکٹ" کی منظوری دے دی۔
آج وزیر اعلیٰ مریم نواز کی صدارت میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں، پہلے فیز میں سپیشل افراد کو تین سال کے لئے ماہانہ وظائف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سپیشل افراد کا وظیفہ چھ ہزار  روپے ماہانہ سے بڑھا کر ساڑھے 7 ہزار روپے کر دیا۔ تقریباً 30ہزار سپیشل افراد کو  تین سال تک ماہانہ ساڑھے 7 ہزار روپے وظیفہ ملے گا۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے آج کے اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی کہ  وہیل چیئر کے لئے آگاہی مہم چلانئی جائے۔ 
انہوں نے کہا کہ اب ضرورت مند افراد وزیر اعلیٰ آفس کی ہیلپ لائن 0800-02345 پر وہیل چیئر  حاصل کرنے کے لئے رجوع کر سکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے خصوصی اجلاس میں چیف منسٹر ہمت کارڈ پراجیکٹ کا جائزہ لیا۔
سپیشل افراد کو دوسرے مرحلے میں 14قسم کے معاون آلات بھی دیئے جائیں گے۔ ان کی زندگی سہل بنانے کے لئے وہیل چیئر، ہیرنگ ایڈ، ٹرائی سائیکل، بریل اور دیگر آلات دیئے جائیں گے۔
سپیشل افراد کو مرحلہ وار سبسڈائزڈ  پبلک ٹرانسپورٹ سہولت اور لون بھی دیئے جائیں گے۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ سپیشل افراد ہمارے لئے بہت اہم ہیں،ہر ممکن معاونت کریں گے۔ 
سینیٹرپرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،ایم پی اے ثانیہ عاشق، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال،سیکرٹری سی ایم آفس دانش افضال، سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ حکام اس خصوصی اجلاس میں شریک ہوئے۔ 

 
 
 

مزیدخبریں