(ویب ڈیسک)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد غریبوں کیلئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ 35 سے 40 ہزار کمانے والوں کو وظیفہ دیا جائےگا۔
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 35 سے 40 ہزار روپے کمانے والوں کو اپنی ٹرانسپورٹیشن کیلئے 2 ہزار روپے وظیفہ دیا جائےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایک روپے کا بوجھ بھی غریب پر نہیں پڑنے دیں گے۔مصدق ملک نے کہا کہ اس وقت ہر 6 میں سے 4 خاندانوں کی آمدنی 37 ہزار روپے سے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر غریب خاندان کو اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے 2 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں،40 ہزار روپے تک کی آمدنی والے غریب افراد کو سہولت دے رہے ہیں تاکہ وہ اپنی مرضی سے یہ رقم خرچ کر سکے۔
مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دی گئی سبسڈی کی قیمت آج عوام ادا کر رہے ہیں، عمران نے جو سبسڈی دی اس کی منظوری کہیں سے نہیں لی، ہم نے لیوی نہیں بڑھائی، اس کا بوجھ ہم نے اٹھایا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ قیمتیں بڑھانے کے علاوہ ہمارے پاس آپشن نہیں تھا، غریب لوگوں کوہم نے 2 ہزارروپےسبسڈی دی ہے،ہمارا دل غریب عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے، غریب عوام کو مزید ریلیف فراہم کریں گے، غریب عوام پرمزیدبوجھ لادنا ظلم اورزیادتی سےکم نہیں، اشرافیہ اپنے وسائل غریب عوام پرنچھاورکریں، مجھ سمیت تمام وزراکوسادگی اختیارکرنا ہوگی، اشرافیہ،حکومت اور افسران کوسادگی اختیارکرنا ہوگی۔