پولیس کانسٹیبل کو شہید کرنے والے ڈاکوؤں کی فوٹیج منظرعام پر آگئی

3 Jun, 2021 | 07:33 PM

Arslan Sheikh

علی اکبر: چوری، ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں نے شہریوں میں خوف وہراس پیدا کردیا ہے، ڈاکوؤں نے پہلے آٹو سٹور پر واردات کی، بعد میں ناکہ لگا کر لوٹ مار کرتے رہے۔ پولیس فوٹیج کی مدد سے ملزموں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندر میں کانسٹیبل قیصر کو شہید کرنے والے چار ملزموں نے پہلے آٹو سٹور پر ڈکیتی کی۔ اطلاع پر پولیس کی پٹرولنگ ٹیم موقع پر پہنچی، تاہم اس وقت تک مسلح افراد واردات کرکے فرار ہوچکے تھے۔ چاروں ملزموں نے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ناکہ لگا کر دوبارہ لوٹ مار شروع کر دی۔

پولیس کی وہی پٹرولنگ ٹیم ملزموں کے تعاقب میں وہاں پہنچی، جہاں ملزموں نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور گولی کانسٹیبل قیصر کے سینے میں جا لگی۔ کانسٹیبل قیصر نے فرض کی ادائیگی میں جان قربان کر دی۔ دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کو فوٹیج کی مدد سے ٹریس کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، انہیں جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ 

واضح رہے شہید کانسٹبل قیصر مانگامنڈی کے نواحی علاقے گاؤں چاہ تمولی کا رہائشی تھا۔   پولیس  ذرائع کے مطابق  شہید ہونے والے کانسٹیبل کا باپ بھی کچھ عرصہ قبل داتا دربار لاہور بم دھماکے میں شہید ہوا تھا۔سندر پولیس نے شہید کانسٹیبل کی ڈیڈ باڈی کو پوسٹ مارٹم کیلئے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ 

مزیدخبریں