خربوزے کی جوڑی 39 لاکھ میں نیلام

3 Jun, 2021 | 03:51 PM

(ویب ڈیسک)   گزشتہ دنوں  دو معمولی خربوزے تقریباً 39 لاکھ پاکستانی روپے میں نیلام ہوئے جس پر کاشتکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق،یہ نیلامی جاپان کے ایک شہر میں ہوئی۔ جاپان کے بعض علاقوں میں رواج ہے کہ ہر سال نئی فصل کے سب سے پہلے پھلوں کی نیلامی کی جاتی ہے، جو عام طور پر بہت مہنگے داموں خریدے جاتے ہیں۔

جہاں کورونا نے ہر چیز کو متاثر کیا  وہاں ہی ان پھلوں کی نیلامی بھی متاثر ہوئی ۔  کورونا وبا سے قبل سال کی پہلی فصل کے سب سے پہلے خربوزوں کی نیلامی ریکارڈ 50 لاکھ ین (تقریباً 71 لاکھ پاکستانی روپے) میں بھی ہوچکی ہے لیکن پچھلے سال عالمی وبا  کورونا   کی وجہ سے خربوزے صرف ایک لاکھ 20 ہزار ین (تقریباً ایک لاکھ 70 ہزار پاکستانی روپے) میں ہی نیلام ہوسکے۔  جس کی وجہ سے کاشتکار کافی مایوس ہوئے۔

یہی وجہ ہے کہ اس سال خربوزوں کی جوڑی اچھے داموں  میں نیلام ہونے پر جاپانی کاشتکار بہت خوش ہیں اور اسے ملک میں معاشی بحالی کی ایک علامت قرار دے رہے ہیں۔خربوزوں کی جوڑی پچھلے سال کے مقابلے میں 22 گنا زیادہ رقم میں نیلام ہوئی۔ جسے  جاپانی معیشت سے وابستہ ایک ’’مثبت خبر‘‘ بھی قرار دیا جارہا ہے جو کاشتکاروں کے نزدیک نیک شگون بھی ہے۔

اس سال نیلامی میں سب سے زیادہ بولی لگانے  والا شخص ایک مقامی صنعتکار ہے جو نوزائیدہ بچوں کےلیے غذائی مصنوعات بنانے والی ایک کمپنی کا مالک ہے۔

مزیدخبریں