(ویب ڈیسک)گزشتہ روز فیشن میگزین ووگ کی ویب سائٹ پر ملالہ یوسفزئی کا انٹرویو پبلش ہوا تھا جس میں انہوں نے اپنے بارے میں کئی باتوں سمیت شادی کے حوالے سے بھی گفتگو کی تھی۔ ووگ میگزین کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے کہا تھا ’’مجھے اب بھی سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنی زندگی میں کسی شخص کا ساتھ چاہتے ہیں تو آپ کو شادی کے کاغذات (نکاح کے کاغذات) پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ کیوں یہ ساتھ صرف پارٹنرشپ پر مشتمل نہیں ہوسکتا؟۔
ملالہ یوسفزئی کے شادی سے متعلق اس بیان پر اداکارہ متھیرا نے انسٹاگرام سٹوری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے ’’مجھے ووگ میگزین کے سرورق پر ملالہ کی تصویر پسند آئی۔ پھر انہوں نے لکھا براہ کرم ہمیں اپنی نئی نسل کو شادی کرنے کی ترغیب دینے کی کوشش کرنی چاہئے اور یہ بھی بتانا ہے کہ نکاح کرنا سنت ہے یہ صرف کاغذات پر دستخط کرنا نہیں ہے نہ ہی آپ کوئی پلاٹ خرید رہے بلکہ درست طریقے سے اپنی نئی اور خوشگوار زندگی کا آغاز کرتے ہیں۔متھیرا نے مزید لکھا زبردستی کی شادی، شادی میں تشدد اور کم عمری کی شادی غلط ہے لیکن خدا کی رحمت کے سائے میں نکاح کرنا خوش آئند ہے۔ لہذا اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی کو اپنی زندگی میں شراکت دار بنانا اچھا ہے تو آپ اسے حلال طریقے سے کریں۔
متھیرا نے ایک اور انسٹا اسٹوری میں نکاح کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میں کتنی ماڈرن ہوں میں ہمیشہ اپنے بچوں کو نکاح کرنے پر زور دوں گی اور یہ سیکھاؤں گی کہ شادی کے ذریعے خود کو کسی کے ساتھ باندھنا بالکل صحیح ہے اور اس رشتے میں ایک دوسرے کی مدد کرنا آپ کی زندگی کے لیے اچھا ثابت ہوگا۔ شادی کرنا اچھی بات ہے۔ بعض اوقات شادی میں مشکلات آتی ہیں لیکن کوئی بات نہیں اللہ آپ کے لیے کسی خاص کو بھیجتا ہے۔
متھیرا نے مزید کہا ہاں میں طلاق یافتہ ہوں لیکن میں اب بھی شادی پر یقین رکھتی ہوں اور شاید جب مجھے صحیح شخص ملے تو میں دوبارہ شادی کرلوں۔ لہذا مہربانی کرکے مجھے بتانا بند کریں کہ میں طلاق یافتہ ہوں۔
واضح رہے کہ ملالہ کو جولائی 2021 کے ایڈیشن کے لیے ووگ میگزین کے سرورق کے لیے منتخب کیا گیاہے۔