(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ بجٹ میں صنعتوں کی بحالی کیلئے خصوصی اقدامات پر غور شروع کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی درآمدی اشیا پر ٹیکس ختم یا کم کرنے کیلئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بات جاری ہے، خام مال پر کسٹمز ڈیوٹی ختم کی جا رہی ہے اور درآمدی خام مال پر ٹیکس ختم کرنے سے 40 کے قریب صنعتوں کو فائدہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق 600 اشیا پرٹیکس ختم کیے جائیں گے یا انتہائی کم کردیئے جائیں گے، 2500 کے قریب اشیا پر ٹیکسوں کی شرح کم کی جائے گی، حکومت کا مقصد برآمدی صنعت کو سستا خام مال فراہم کرنا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ خام مال کے علاوہ درآمدی مشینری پر ٹیکس رعایت دینے کی تجاویز تیار کرلی گئی ہیں جس کے مطابق ٹیکسٹائل، پلاسٹک، فارماسیوٹیکل کی مشینری اور خام مال پر ٹیکس میں رعایت کا امکان ہے، جوتوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری اور خام مال پر بھی ٹیکس رعایت کا امکان ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مجموعی طور3 ہزار سے زیادہ درآمدی اشیا پرکسٹمز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔