مریم اورنگزیب کے وزیر اعظم پر سنگین الزامات

3 Jun, 2020 | 11:14 AM

Azhar Thiraj

سٹی 42: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب  نے وزیر اعظم عمران خان پر سنگین الزامات لگا دئیے کہتی ہیں کہ  عمران صاحب دو سال سے اپنی نالائقی ، نااہلی اور چوری چھپانے کے لئے نیب کو استعمال کر رہے ہیں ،عمران صاحب اپنے سیاسی انتقام کے لیے نیب کو استعمال کر رہے ہیں، دو سال کی تمام کوشش کے باوجود شہباز شریف کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن نہیں مِل سکی تو دوبارہ سے تماشہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ سیاسی مخالفین کو صرف گرفتار کرتا ہے لیکن آج تک کسی بھی الزام کا ریفرنس دائر نہیں کر سکا ،کھلنڈروں کی حکومت صرف سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈال سکتی ہے، نالائق، نااہل اور چور حکومت کی کورونا کے خلاف کوئی حکمتِ عملی نہیں ، اِس لیے شہباز شریف کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جاتی ہے حکومتی نالائقی کی وجہ سے ڈاکٹرز اور عوام کورونا سے مر رہے ہیں جبکہ عمران صاحب صرف شہباز شریف کو گرفتار کرنے کا پلان بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نالائق ، نااہل اور چوروں نے دیہاڑی دار ، غریب اور مزدور کو کوئی پیسہ نہیں دیا  اِس لئے شہباز شریف کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،عمران صاحب کے پاس اپنی چینی چوری کا کوئی جواب نہیں، اِس لئے شہباز شریف کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، چور عوام دشمن بجٹ بنا رہے ہیں اِس لئے قائدِ حزبِ اختلاف کی آواز بند کرنے کے لئے شہباز شریف کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ کورونا سے مر رہے ہیں اور عمران خان کا ریسپانس شہباز شریف کو گرفتار کرنا ہے۔ نالائق، نااہل اور چوروں نے دو سال میں معیشت تباہ کر دی نالائق، نااہل اور چوروں نے عوام کی اربوں کی چینی چوری کر لی نالائق، نااہل اور چوروں نے دو سال میں 40 لاکھ سے زائد لوگوں کو بے روزگار کر دیا ۔23 غیر قانونی فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کے ذریعے آنے والے اربوں روپے سے ملک کے خلاف سازش کی لیکن کوئی گرفتار کرنے والا نہیں پشاور میٹرو کے 120 ارب کے کھڈوں کا کوئی جواب لینے والا نہیں عوام کی اربوں روپے کی چینی چوری ہو گئی لیکن کوئی گرفتاری نہیں۔

مزیدخبریں