ڈی ای او ایلیمنٹری ایجوکیشن لاہور انتقال کر گئے

3 Jun, 2020 | 09:54 AM

M .SAJID .KHAN

(عفیفہ نصراللہ) ڈی ای او ایلیمنٹری ایجوکیشن لاہور سٹی رائے افضال حسین بوجہ کورونا وائرس انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی میں ڈی ای اوکےعہدےپرتعینات رائےافضال حسین کو 27 مئی کو کورونا تشخیص ہوا تھا۔ جس پر ڈی ای او ایلیمنٹری کو میو ہسپتال لے جایا گیا ۔ جہاں کچھ دن بعد ان کی طبیعت زیادہ خراب ہو گئی ۔ بعد ازاں گزشتہ رات آکسیجن کی شدید کمی اور ان کی خراب صحت کے باعث انہیں بحریہ ہسپتال لے گئے ۔ جہاں آدھے گھنٹے بعد وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔

رائے افضال حسین شاہدرہ میں رہائش پذیر تھے۔ انہوں نے ایجوکیشن میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر رائے افضال حسین کی اہلیہ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں ۔ جنرل سیکرٹری پنجاب ٹیچرز یونین رانا لیاقت علی کے مطابق رائے افضال شفیق اور مہربان انسان تھے ، ان کی وفات سے اساتذہ نیک افسر سے محروم ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ  صوبائی دارالحکومت لاہور میں  کورونا وائرس کے حملوں میں شدت آگئی،  24 گھنٹے کے دوران لاہور میں 812 نئے مریض، 7 اموات کی تصدیق  ہوگئی، کورونا میں مبتلا ڈی ایس پی سی آئی اے عامر ڈوگر انتقال کر گئے، عامر ڈوگر چند روز سے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔  لاہور پولیس کے پہلے ہی تین اہلکار شمس، رمضان عالم اور راؤ جاوید  کورونا وائرس کے باعث شہید ہو چکے ہیں، اس سے قبل عامر ڈوگر کی والدہ بھی  کورونا وائرس کے باعث چند روز قبل انتقال کر گئی تھیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 17 ہزار 310 ٹیسٹ کیے گئے، سب سے زیادہ مریضوں کی تعداد سندھ میں 31 ہزار 86 تک پہنچ گئی ، پنجاب میں 29 ہزار 489، خیبرپختونخوا 10 ہزار 897،، بلوچستان 4 ہزار 740، اسلام آباد 3 ہزار 188، گلگت بلتستان 779 اور آزاد کشمیر میں 284 کورنا مریض زیر علاج ہیں ، ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 80 ہزار 463 تک جا پہنچی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 67 اموات ہونے سے ملک بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 1 ہزار 688 ہو گئی ، سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 570، سندھ 526،، خیبرپختونخواہ 490، بلوچستان 49، اسلام آباد 34، گلگت بلتستان 12 اور آزاد کشمیر میں 7 مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ کورونا وائرس کا شکار 837 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے ، اب تک 28 ہزار 923 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 

مزیدخبریں