لاہور میں کورونا کے وار جاری، مزید 7 افراد جاں بحق، تعداد 205 ہوگئی

3 Jun, 2020 | 08:48 AM

Sughra Afzal

جیل روڈ (زاہد چودھری، عابد چودھری، عرفان ملک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس کے حملوں میں شدت آگئی،  24 گھنٹے کے دوران لاہور میں 812 نئے مریض، 7 اموات کی تصدیق  ہوگئی، کورونا میں مبتلا ڈی ایس پی سی آئی اے عامر ڈوگر انتقال کر گئے، عامر ڈوگر چند روز سے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔

  لاہور پولیس کے پہلے ہی تین اہلکار شمس، رمضان عالم اور راؤ جاوید کورونا وائرس کے باعث شہید ہو چکے ہیں، اس سے قبل عامر ڈوگر کی والدہ بھی کورونا وائرس کے باعث چند روز قبل انتقال کر گئی تھیں، ڈی ای او ایلیمنٹری میل ڈاکٹر افضال حسین بھی کورونا کے باعث دم توڑ گئے، چند روز قبل ان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آئی تھی۔

ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، ایس ایس پی آپریشنز کے عملے کو چند روز قبل علامات ظاہر ہوئی تھیں، لاہور پولیس کے دو ایس ایس پیز سمیت اب تک 115 اہلکار اور افسروں کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

ڈی آئی جی آفس میں اب تک ایک ایس ایس پی اور ایک ایس پی کو کورونا کیسز کنفرم ہوئے ہیں جس کے بعد ڈی آئی جی آفس کے تمام سٹاف کے بھی کورونا ٹیسٹ کروا کر دفتر میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ تاحال ممنوعہ قرار دے دیا گیا ہے۔

دوسری جانب400 ٹیسٹ کیے گئے تھے جس میں سے ابھی تین سو ٹیسٹ کی رپورٹس آنا ابھی باقی ہیں، لاہور پولیس کے ایس ایس پی ایڈمن ملک لیاقت بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے جو اب صحت مند ہو کر اپنی ڈیوٹی پر واپس آچکے ہیں، ایس پی سکیورٹی بلال ظفر اور ایس پی انویسٹی گیشن توحید اور ایس ایس پی آپریشنز نے اپنے اپ کو گھر وں میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں  کے دوران لاہور میں کورونا کے مزید 812 مریضوں سامنے آئے ہیں  اور 6 اموات ہوئی ہیں، 80 روز کے دوران شہر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 13693 اور 205 اموات ہوچکی ہیں۔

 شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں اس وقت کورونا وائرس کے 539 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 82 کو آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے اور 37 مریض حالت تشویشناک ہونے پر وینٹی لیٹرز پر ہیں، کورونا وائرس کے پنجاب بھر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 1610 نئے مریض سامنے آئے ہیں اور 43 اموات کی تصدیق کی گئی ہے، صوبے بھر میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 27850 اور اموات 540 تک پہنچ گئی ہیں۔

مزیدخبریں