شاہد جان : سابقہ سینیٹر ہدایت اللہ خان کی گاڑی پر بم حملہ کے نتیجے میں سنیٹر ہدایت اللہ جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سابق سینیٹر ہدایت اللہ خان کی گاڑی پر بم سے حملہ کیا گیا ، دھماکے کے نتیجے میں سابق سنیٹر ہدایت اللہ جاں بحق ہوگئے ۔ دھماکہ ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیاہے ، دھماکے کے نتیجے میں گاری مکمل طورپر تباہ ہوئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی نظیر الدین ہسپتال میں دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی، جاں بحق افراد میں سابق سنیٹرہدایت اللہ، سمیع الرحمان،عرفان اللہ ، نظیرالدین اور یارمحمد شامل ہیں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سابق سینیٹر ضمنی الیکشن کے سلسلے میں تحصیل ماموند گئے تھے ،سابق سنیٹر ہدایت اللہ ، سابق گورنر خیبرپختونخوا کے بھائی اور سابق ایم این اے بسم اللہ کے بیٹے تھے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا اظہار افسوس
وفاقی وزیرداخلہ کی جانب سے تحصیل ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ محسن نقوی نے سابق سینٹر ہدایت اللہ سمیت 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا، ان کا کہنا تھا ککہ سابق سینیٹر ہدایت اللہ اور دیگر 2 افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ ہوا۔ دہشت گردی کے خلاف ہر طبقے نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
صدر مملکت کا اظہار افسوس
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ اور دیگر افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا گیا، صدر مملکت نے دہشت گردی کے واقعے کی سخت مذمت کی، اور جاں بحق افراد کے ورثاء کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔
صدر مملکت کی جانب سے جاں بحق افراد کیلئے مغفرت، ورثاء کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
مولانا فضل الرحمان کا اظہار افسوس
مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ اور دیگر افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سابق سنیٹر ہدایت اللہ کی بم دھماکہ میں شہادت پر دل غمزدہ ہے ۔کے پی اور بلوچستان مسلح تنظیموں کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔ بلوچستان اور کے پی میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رٹ عملا ختم ہوچکی ہے ۔ حکومت اور ادارے عوام کو امن فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ عوام کو اپنی حفاظت خود کرنی ہوگی ، لاقانونیت سے بڑے پیمانے پر خلفشار کا خطرہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دعاء ہے کہ اللہ کریم ہدایت اللہ خان کی شہادت کو قبول فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے ۔ لواحقین کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہوں اور ان کے لئے صبر جمیل کی دعاء کرتا ہوں ۔