عثمان خادم: سنی اتحاد کونسل اور پاکستان تحریک انصاف کا پنجاب اسمبلی گیٹ پر احتجاجاً علامتی اجلاس، اپوزیشن نے عوامی اسمبلی کے نام سے اجلاس منعقد کیا، اجلاس میں مختلف قراردادیں منظور کی گئیں اور فارم 45 کے مطابق جیت کے دعویدار ٹکٹ ہولڈرز نے حلف اٹھایا۔
تفصیلات کےمطابق ایم پی اےاعجازشفیع کوعوامی اسمبلی کا سپیکر مقررکیا گیا، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے اجلاس سے خطاب میں کہا یہ اجلاس متواتر جاری رہے گا اور احتجاج بھی چلتا رہے گا، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ایک، دو روز میں کردیا جائیگا۔
اجلاس میں فارم 45 کے مطابق جیت کے دعویدار ٹکٹ ہولڈرز نے علامتی حلف اُٹھایا، اس موقع پر حلف اٹھانے والے ٹکٹ ہولڈر حافظ ذیشان رشید نے کہا کہ پنجاب کی اصل اسمبلی آج بنی ہے،اندرجعلی اسمبلی چلتی ہے۔
اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کوخواتین اوراقلیتی برادری کی مخصوس نشستیں دینے کی قرارداد بھی منظورکی گئی۔ شرکاء نے بھرپور نعرے بازی بھی کی۔
اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی سید رفعت زیدی، فرخ جاوید مون، شیخ امتیاز محمود، میاں ہارون اکبر نے شرکت کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے انفارمیشن سیکرٹری شوکت بسرا اور قانونی مشیر نعیم حیدر پنجھوتہ اورآصف عاشق بھٹی بھی شریک ہوئے۔
متعدد قررادادیں منظور کرنے اور شرکاء کے خطاب کے بعد نامزد سپیکر عوامی اسمبلی اعجازشفیع نے اجلاس ملتوی کردیا۔