خلیل الرحمان کا  صبا قمر کیساتھ کام کرنے سے انکار

3 Jul, 2024 | 12:41 PM

(ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف ڈرامہ نگار و ہدایتکار  خلیل الرحمٰن قمر نے  اداکارہ صبا قمر کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران میزبان نے خلیل الرحمٰن قمر سے سوال کیا کہ وہ کونسی ایسی اداکارہ یا اداکار ہیں  جنہیں آپ کبھی بھی اپنے ڈرامے میں کاسٹ نہیں کرنا چاہیں گے؟ جس پر  جواب دیتے ہوئے خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا  کہ وہ صبا قمر  کو اپنے کسی بھی پراجیکٹ میں کاسٹ نہیں کرنا چاہیں گے کیونکہ وہ جس طرح کے لباس پہنتی ہیں وہ اُن کے معیار کے بالکل خلاف ہیں۔

خلیل الرحمٰن کا کہنا تھا  کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ صبا قمر ایک بہترین اداکارہ ہیں اور انہوں نے ماضی میں میرے ایک ڈرامے میں کام بھی کیا، اُس ڈرامے میں اُنہوں نے شاندار اداکاری کی تھی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا بھی گیا لیکن اب وہ جس طرح کے لباس پہنتی ہیں وہ ہماری ثقافت اور اصولوں کے خلاف ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ جانتا ہوں کہ ایسے ملبوسات پہننا صبا قمر کی ذاتی پسند ہے اور مجھے ان کی پسند سے کوئی مسئلہ بھی نہیں ہونا چاہیے لیکن مجھے اپنے کام کے لیے کسی کا انتخاب کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے  خلیل الرحمٰن قمر  نے بتایا کہ میں جن اداکاروں کے ساتھ بار بار کام کرنا چاہتا ہوں  اُن میں ٹاپ لِسٹ میں ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ماضی میں خلیل الرحمٰن قمر نے عورت مارچ کے حوالے سے ہونے والے ایک ٹی وی پروگرام میں ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان استعمال کرنے  پر شوبز شخصیات کی جانب سے  ڈراما نگار پر خوب تنقید کی  گئی تھی ۔

مزیدخبریں