(کلیم اختر)لاہور میں روزانہ ہزاروں لیٹر کھلا دودھ کہاں سے اورکیسے آتا ہے؟ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جائزہ لینا شروع کر دیا۔ اب دودھ فروشوں کی مدد سے مال مویشی کی تعداد کا جائزہ لینے کیلئے گوالوں تک پہنچا جائے گا ۔ نقلی دودھ فروخت کرنے والی دکانوں کو سیل ، لائسنس منسوخ کردیےجائیں گے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کھلا دودھ فروخت کرنے والی دکانوں کا ڈیٹا اکٹھا کرلیاہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے دودھ فروشوں کی مدد سے دودھ سپلائی کرنے والے تمام گوالوں تک پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقدمات درج ہونے کے باوجود متعلقہ دکاندار اور گوالوں کی جانب سے نقلی دودھ بنانے پر اشتہاری قرار دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔
لاہور میں ایک ہزار سے زائد دکانیں روزانہ ایک ہزار لیٹر دودھ اوسطً فروخت کرتی ہیں۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر کا کہناہے مختلف شہروں سے لاہور میں ایک ہزار لیٹر سے زائد دودھ سپلائی کرنے والے گوالوں کو چیک کیا جائے گا ۔ نقلی دودھ فروخت کرنے والی دکانوں کو سیل کرنے، لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔