سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کیخلاف کریک ڈاؤن، 10 ہزار سے زائد اشتہاری گرفتار

3 Jul, 2023 | 07:28 PM

علی ساحی: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا۔گزشتہ ماہ کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر سے 10 ہزار سے زائد اشتہاری و عدالتی مفرور گرفتار کر لئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کے حکم پر ماہ جون کے دوران صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر سے 10076 اشتہاری، 1934 عدالتی مفروران گرفتار کئے گئے، جن میں اے کیٹیگری کے 1378، بی کیٹیگری کے 8698 اشتہاری سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔ لاہور پولیس 245 اشتہاریوں کی گرفتاری کے ساتھ صوبہ بھر میں اول نمبر پر رہی۔ 

 اے کیٹیگری کے 1378اشتہاریوں میں 268 قتل، 107 ڈکیتی، 973 رابری، 12 ڈکیتی رابری معہ قتل اور 05 اغوا برائے تاوان جیسے جرائم میں ملوث ہیں۔

دوسری جانب سیالکوٹ پولیس نے 151، فیصل آباد پولیس نے 120 اشتہاری ملزمان گرفتار کئے۔پولیس ٹیموں نے کریک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر سے 1934 عدالتی مفروران بھی گرفتار کئے۔

رواں سال بیرون ممالک مفرور 88 خطرناک اشتہاریوں کو بھی انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اشتہاری مجرموں،عدالتی مفروروں کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیموں کو شاباشی دی۔

مزیدخبریں