سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے خلاف آپریشن، میجر سمیت 2 جوان شہید

3 Jul, 2023 | 10:00 AM

Abdullah Nadeem

ویب ڈیسک:  بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہوشاب میں کیے جانے والے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

 دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی کمبیٹ پٹرول پارٹی پر گھات لگا کرحملہ کیا، فائرنگ سے میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے، میجر ثاقب اور ان کی ٹیم نے آخری سانس تک دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی کے31سالہ میجرثاقب حسین شہید کا تعلق ضلع سانگھڑ جبکہ26سالہ نائیک باقرعلی شہید کا تعلق ضلع دادو سے ہے۔میجرثاقب حسین شہید نے سوگواران میں والدین اور بیوہ کو چھوڑا ہے جبکہ نائیک باقرعلی شہید نے سوگوارن میں 3سالہ بیٹی اور بیوہ چھوڑی۔

سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے، تمام شہداء بشمول میجرثاقب اور نائیک باقرعلی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں کیخلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

مزیدخبریں