بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک، بڑے راز فاش ہوگئے

3 Jul, 2022 | 12:21 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول  بشریٰ بی بی کی ایک مبینہ آڈیو لیک ہوگئی ۔ 

نجی ٹی وی کے مطابق لیک آڈیو میں مبینہ طور پر بشریٰ بی بی عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ارسلان خالد کو  مخالفین کے خلاف بیانیہ بنانے اور  انہیں  غدار  ثابت کرنےکی مہم چلانے کی ہدایات دے رہی ہیں۔

بشریٰ بی بی آڈیو میں کہہ  رہی ہیں کہ   'خان صاحب نے آپ سے کہا تھا کہ غداری کا ہیش ٹیگ چلانا ہے، مجھے لوگوں کے فون آ رہے ہیں کہ آپ کا سوشل میڈیا تو بہت ایکٹو تھا پر ایک ہفتے سے بالکل ایکٹو نہیں ہے، ایسا کیوں ہے ؟ آج کل تو آپ لوگوں کو بہت ایکٹو ہونا چاہیے تھا'۔وہ وضاحت دینے کی کوشش کرتے ہیں تو  دوسری طرف موجود خاتون سنے بغیر ہی ہدایات دینا شروع کردیتی ہیں۔ 

مبینہ آڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ بشریٰ بی بی کہہ رہی ہیں کہ علیم خان اور اس جیسے دیگر اور لوگ میرے اور خان صاحب کے بارے میں باتیں کریں گے، انہوں نے اس سے بھی زیادہ گند ڈالنا ہے، میرے ساتھ جو بچی فرح ہوتی ہے، اس کے خلاف بھی بولیں گے، اتنا گند ڈالیں گے اور لوگوں کی گواہیاں بھی دیں گے لیکن آپ نے اس کا کوئی ایشو نہیں بنانا بلکہ ان سب کو غداری کے ساتھ لنک کردینا ہے'۔

آڈیو میں بشریٰ بی بی مزید کہتی سنائی دے رہی ہیں کہ ' علیم خان اور باقی سب جو بولیں گے وہ سب پلاننگ کے تحت ہے، آپ نے ان کو غداری کے ساتھ لنک کردینا ہے، آپ نے سوشل میڈیا میں لیٹر (مبینہ دھمکی آمیز امریکی خط) کا معاملہ اٹھانا ہے کہ وہ خط صحیح ہے، یہ غداری کی وجہ سے اکٹھے ہوگئے ہیں اور اپنے آپ کو بچانے کے لیے یہ غداروں کے ساتھ مل گئے ہیں اور غدار باہرکی قوتیں بھی ہیں اور سب، یہ سارا آپ کو پتا ہے، آج آپ نے روس کا معاملہ اٹھانا ہے اور اس معاملے کو نیچے نہیں آنے دینا، ٹرینڈ بنا دینا ہےکہ ان کو بھی پتہ ہےکہ خان اور ملک کے ساتھ غداری ہو رہی ہے'۔

مبینہ لیک آڈیو میں سابق خاتون اول کا کہنا تھا کہ ' فرح اور میرے بارے میں انہوں نے بہت گند اڑانا ہے، اس کو بھی آپ نے غداری سے لنک کرنا ہےکہ ہمیں پتہ ہےکہ یہ کون غدار کر رہا ہے'۔

مزیدخبریں