محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی

3 Jul, 2022 | 11:02 AM

 (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آج سے 5 جولائی تک شہر قائد میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ہفتے کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی تھی، بعدازاں سسٹم کے آگے بڑھنے  کے سبب آندھی چلنے کی پیش گوئی کی نفی کی گئی۔ اب محکمہ موسمیات نے اتوار کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش، معمول سے زیادہ تیز ہوائیں چلنے اور آندھی کی پیش گوئی  کردی۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر مطلع جزوی یا مکمل ابرآلود رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، شہر میں دن بھر 10 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چلیں گی۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق اتوار سے داخل ہونے والا سسٹم پانچ جولائی تک سندھ میں رہے گا، جس کے بعد  کراچی، تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ بدین، میر پورخاص، ٹھٹہ،حیدرآباد،ٹنڈومحمد خان،ٹنڈو الہیار،دادو جامشورو میں بڑے پیمانے پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سسٹم کے ممکنہ اثرات کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھ، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ اور دادو کے شہری علاقوں میں نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ہے جبکہ  تیز ہوا سے کمزور املاک بشمول سائن بورڈز اور درخت وغیرہ گرنے کا خدشہ ہے۔

مزیدخبریں