پی ٹی آئی ایم این اے بجلی و گیس چور نکلا

3 Jul, 2021 | 03:50 PM

Arslan Sheikh

عرفان ملک: پی ٹی آئی کے ایم این اے سردار طالب حسن نکئی کی فیکٹری سے بجلی اور گیس چوری پکڑی گئی، تحریک انصاف کے ایم این اے منتخب ہونے کے بعد سے چوری کر رہے تھے، بیٹے اور دیگر افراد کے خلاف دو مقدمات درج کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی انسداد بجلی اور گیس چوری ٹیم کو اطلاعات ملیں کہ ایم این اے سردار طالب حسن نکئی کی پتوکی میں پلاسٹک بنانے والی لائم نامی فیکٹری میں عرصہ دراز سے گیس اور بجلی چوری کی جا رہی ہے، جس کے بعد ایف آئی اے نے کارروائی کی، جہاں کئی سالوں سے ڈائریکٹ تار لگا کر چوری کی جارہی تھی۔ ایف آئی اے کے مطابق فیکٹری کو غیر قانونی طریقے سے گیس اور بجلی کی فراہمی کی جارہی تھی، حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا تھا۔

 

ایف آئی اے میں درج ہونے والی ایف آئی آرز کے مطابق گھریلو میٹرز کی تاریں اور پائپ لائن زیر زمین راستوں سے فیکٹری تک پہنچا کر بجلی اور گیس چوری کی جا رہی تھی۔غیر قانونی طورپر بچھائی گئی 150 فٹ سوئی گیس لائن پکڑی گئی ہے، بجلی کی ڈائریکٹ تاریں لگا کرکے فیکٹری کو فائدہ پہنچایا جارہا تھا۔ ایف آئی اے نے بجلی اور گیس چوری کے دو مقدمات درج کر لئے ہیں۔

مقدمہ سردار طالب حسن کے بیٹے سردار احمد ایاز نکئی اور دیگر افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے منتخب ہونے کے بعد سے بجلی اور گیس چوری کر رہے تھے۔

مزیدخبریں