نشتر پارک (حافظ شہباز علی ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے گورننگ بورڈ سے آئندہ مالی سال 22ـ2021 کی منظوری کے ساتھ ہی سینٹرل کنٹریکٹ برائے 22ـ2021 کا اعلان کردیا، 20 ایلیٹ کرکٹرز کے لیے اعلان کردہ اس فہرست میں کنٹریکٹ کی تین مختلف کٹیگریز سمیت تین ایمرجنگ کرکٹرز کو بھی شامل کیا گیا۔
اعلان کردہ کنٹریکٹ کے مطابق کھلاڑیوں کی آمدنی میں اضافہ اور تمام کٹیگریز کے لیے یکساں میچ فیس مقرر کی گئی ہے، اس فہرست کو حتمی شکل دینے والے تین رکنی پینل میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان، چیف سلیکٹر محمد وسیم اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان شامل تھے۔ اس دوران پینل نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان بابراعظم سے بھی مشاورت کی، جس کے بعد کنٹریکٹ کی یہ فہرست پہلے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور پھر حتمی منظوری کے لیے چیئرمین پی سی بی کے پاس بھجوائی گئی۔
12 ماہ پر مشتمل یہ کنٹریکٹ یکم جولائی 2021 سے 30 جون 2022 تک جاری رہے گا، سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری بابر اعظم، حسن علی، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی، بی کیٹیگری میں: اظہر علی، فہیم اشرف، فخر زمان، فواد عالم، شاداب خان اور یاسر شاہ سی کٹیگری میں عابد علی امام الحق، حارث رؤف، محمد حسنین، محمد نواز، نعمان علی اور سرفراز احمد جبکہ ایمرجنگ کٹیگری: عمران بٹ ، شاہنواز دہانی اور عثمان قادرشامل ہیں۔
کٹیگری اے: ماہوار وظیفے میں 25 فیصد اضافہ، کسی بھی فارمیٹ کی میچ فیس میں اضافہ نہیں کیا گیا، کٹیگری بی: ماہوار وظیفے میں 25 فیصد اضافہ، ٹیسٹ کی میچ فیس میں 15 فیصد، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 20 فیصد اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 25 فیصد اضافہ کٹیگری سی: ماہوار وظیفے میں 25 فیصد اضافہ، ٹیسٹ کی میچ فیس میں 34 فیصد، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 50 فیصد اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 67 فیصد اضافہ کیا گیا۔
ایمرجنگ کٹیگری: ماہوار وظیفے میں 15 فیصد اضافہ، ٹیسٹ کی میچ فیس میں 34 فیصد، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 50 فیصد اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 67 فیصد اضافہ کیا گیا، اس کنٹریکٹ کے تحت حسن علی اور محمد رضوان کو کٹیگری اے میں شامل کرلیا گیا ہے، حسن علی گزشتہ سال انجری کی وجہ سے کنٹریکٹ حاصل نہیں کرپائے تھے تاہم سیزن 21ـ2020 میں شاندار کارکردگی کی بدولت انہوں نے سیزن 22ـ2021 کے لیے کنٹریکٹ کی اے کٹیگری حاصل کرلی ہے، محمد رضوان کو مستقل کارکردگی کی بدولت کٹیگری اے میں ترقی دی گئی ہے۔
اسی طرح فہیم اشرف، فواد عالم، محمد نواز اور نعمان علی کو بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں متاثرکن کارکردگی کی بدولت سینٹرل کنٹریکٹ برائے 22ـ2021 کی فہرست میں شامل کرلیا گیا، گزشتہ سال ایمرجنگ کٹیگری میں شامل فاسٹ باؤلرز حارث رؤف اور محمد حسنین کو کٹیگری سی میں ترقی دے کر شاہنواز دہانی، عثمان قادر اور عمران بٹ کو ایمرجنگ کٹیگری میں شامل کرلیا گیا، اسد شفیق، حیدر علی، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس، نسیم شاہ، شان مسعود اور عثمان شنواری کو سیزن 22ـ2021 کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ پیش نہیں کیا گیا تاہم یہ تمام کھلاڑی سلیکٹرز کے پلانز کا حصہ ہیں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے آئندہ سال کے لیے کنٹریکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔