(رضوان نقوی) صوبائی وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے, ایف بی آر نے میاں محمود الرشید کے بیٹے کے آوٹ لیٹ "ہارون گارمنٹس "کا آڈٹ کرکےصوبائی وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید پر 3کروڑ 60لاکھ روپے ٹیکس عائد کردیا۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایف صوبائی وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید کے بیٹے کے بوتیک "ہارون گارمنٹس کا انکم ٹیکس آڈٹ کرتے ہوئے ایف بی آر کو چند اہم شواہد ملے تھے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق ہارون گارمنٹس صوبائی وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید کے نام پر رجسٹرڈ تھا۔ ایف بی آر نے ہارون گارمنٹس کے ٹیکس معاملات کا جائزہ لینے کیلئے تفصیلات جمع کی تھیں۔ ہارون گارمنٹس کے مالک کے طور پر صوبائی وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید کے گوشوارے کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں محمودالرشید نے سال 2014 کے انکم ٹیکس گوشوارے میں 10کروڑ روپے کیپیٹل گین ظاہر کیا تھا- ایف بی آر نے آڈٹ میں تسلی بخش جواب موصول نہ ہونے کے بعد میاں محمود الرشید کو پراپرٹی بزنس انکم پر 3کروڑ 60لاکھ روپے انکم ٹیکس عائد کردیا ہے۔
ایف بی آر نے صوبائی وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید کو انکم ٹیکس ادائیگی کیلئے ایک ماہ کی مہلت دے دی ہے۔