ریلوے سٹیشن (سعید احمد سعید) ریلوے کی جانب سے سینئر سٹیزن کے لیے مفت اور رعایتی ٹکٹوں کی سہولت ختم کر دی گئی۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے 65 سال کے بزرگ شہریوں کو اکانومی کلاس ٹکٹوں میں پچاس فیصد کی رعایت کا اعلان کیا تھا، 75سال کے بزرگ شہریوں کو 100 فیصد رعایت دی گئی تھی، بزرگ مسافروں کو سال میں چار اکانومی کلاس کے مفت اور رعایتی ٹکٹوں کی سہولت حاصل تھی جو ختم کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریلوے حکام نے خسارے کو کم کرنے کے لیے 25 ٹرینوں کی نجکاری کرنے کا فیصلہ کرلیا، آؤٹ سورس کی جانے والی ٹرینوں میں 6 میل اور 18 پسنجر ٹرینیں شامل ہیں،وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر چیف مارکیٹنگ منیجر ریلوے کی جانب سے ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ٹینڈر بھی تیار کرلیا گیا۔
علاوہ ازیں ریلوے نے ڈیزل نرخوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا، کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث عوام کی قوت خرید میں کمی سمیت ریل مسافر اور ریلوے آمدنی بھی کم ہوگئی، ریلوے کی دس روز کی مسافر آمدنی 80 کروڑ سے کم ہو کر 32 کروڑ پر آگئی۔
مسافر ٹرینوں کے موجودہ کرائے 132 روپے لٹر ڈیزل کی بنیاد پر بنائے گئے، ڈیزل نرخ 75 روپے لٹر ہونے پر ریلوے نے مسافر ٹرینوں کے کرائے میں کوئی کمی نہیں کی، اب 101 روپے لٹر ڈیزل ہونے پر کرائے بڑھانے کا کوئی جواز نہیں، ریلوے نے ماہ مئی کے دوران فریٹ کرایوں میں 25 فیصد تک کمی کی تھی جو اب واپس لئے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کردیں، جس کا اطلاق 26 جون 2020ءسے ہوگیا، پٹرول کی قیمت میں 25 روپے, ڈیزل کی قیمت میں 21 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 31 روپے سے زائد کا اضافہ کیا گیا۔