سورج اور بجلی لوڈشیڈنگ کا ایکا لاہوریوں کیلئے عذاب بن گیا

3 Jul, 2020 | 03:08 PM

Sughra Afzal

کوئنز روڈ (شاہد سپرا) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج کا پارہ ہائی، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع، شہریوں کا جینا محال ہوگیا۔

باغوں کے شہر میں سورج اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے ایکا کرلیا، شہری دوہرے عذاب میں مبتلا ہوگئے، شہر کا ایسا کوئی علاقہ نہیں جولوڈ شیڈنگ کے عذاب سے محفوظ ہو، شہری حبس اور شدید گرمی میں بجلی کی بندش پر بلبلا اٹھے,لوڈشیڈنگ سے کاروبار بھی بری طرح متاثر ہوگئے،موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ سورج آج بھی ستم ڈھائے گا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

لوڈ شیڈنگ سےعاجزشہری کہتے ہیں کہ بجلی تو میسر نہیں مگر بل ضرور آتا ہے اور اگر جمع کرانے میں تاخیر ہو جائے تو لیسکو ملازمین میٹر اتارنے میں بھی دیر نہیں کرتے۔

ذرائع کے مطابق موسم میں تبدیلی کی وجہ سے صارفین کی جانب سے بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہو گیا ہے تاہم بجلی کی پیداوار اور کھپت میں فرق ہونے کی وجہ سے لیسکو سے اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا اختیار واپس لے لیا گیا، لیسکو کو الیون کے وی فیڈرز پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کی اجازت دی  گئی تھی تاہم  اب سسٹم اوورلوڈ ہونے کی وجہ سے نیشنل پاور کنٹرول سنٹر نے براہ راست گرڈ سٹیشن بند کر کے لوڈشیڈنگ شروع کر دی۔

 شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شکار ہونیوالے گرڈ سٹیشنز میں نیو کوٹ لکھپت، اولڈ کوٹ لکھپت، ٹائون شپ، رحمان پارک، علامہ اقبال ٹائون سمیت دیگر شامل ہیں، مذکورہ گرڈ سٹیشنز کو بند کر کے لوڈ مینجمنٹ کی گئی تاکہ سسٹم کو ٹرپ ہونے سے بچایا جا سکے۔

 دوسری جانب لیسکو کی ڈیمانڈ اکتالیس سو میگا واٹ تاہم سپلائی چار ہزار میگا واٹ ہے، کمرشل پلازے اور مارکیٹیں کھلنے کے بعد لیسکو کی ڈیمانڈ میں مزید اضافہ ہو گا جس سے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں بھی اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں